اڈپی یکم فروری (ایس او نیوز) موٹر بائکس میں لگائے گئے لوگوں کو پریشان کرنے والی آوازوں کے سائلینسرس کے خلاف منی پال پولیس کی طرف سے مہم چلائی گئی اور 71 ممنوعہ سائلینسرس کو ضبط کرنے کے بعد انہیں جے سی بی کے تلے کچل کر تباہ کر دیا گیا۔
اُڈپی ایس پی وشنو وردھن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا : " ہم نے گزشتہ سال بھی اسی قسم کی مہم چلائی تھی ۔ اس کے بعد ہمیں دوبارہ مختلف علاقوں سے ڈاکٹروں اور اپارٹمنٹس میں رہنے والوں کی طرف سے پریشان کن آوازوں والے ممنوعہ سائلینسرس کے بارے میں شکایات مل رہی تھیں ۔ ہم نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے ایسے سائلینسرس ضبط کیے ، موٹر سائیکل مالک پر جرمانہ لگایا اور ان سائلینسروں کو تباہ کردیا ۔ اب اگر دوسرے پولیس اسٹیشن کے احاطوں سے بھی شکایات ملیں تو وہاں بھی ایسی کارروائی کی جائے گی ۔ آنے والے دنوں میں ایسے نقص والے سائلینسرس تیار کرنے والوں اور موٹر بائکس میں فٹ کرنے والے افراد کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف بھی کارروائی جائے گی ۔ یہ مہم ابھی جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ موٹر بائک سائلینسر کی آواز اگر 80 ڈیسیبل سے زیادہ ہوتی ہے تو اسے نقص والا سائلینسر مانا جاتا ہے اور اس کے استعمال کرنے پر پابندی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ منی پال پولیس نے جو 71 سائلینسرس تباہ کیے اس میں ایک ایسا سائلینسر بھی تھا جس کی قیمت 25 ہزار روپے تھی۔
اس کارروائی کےموقع پر منی پال سرکل انسپکٹر منجو ناتھ ، اڈپی ڈپٹی کمشنر سدھا کر ایس نائک اور منی پال پولیس اسٹیشن کے اہلکار موجود تھے۔